481ٹن وزنی بولارڈ پل ٹگ پاک بحریہ کے حوالے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بحریہ کے لیے تعمیر کیے گئے 32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی حوالگی کی تقریب پیر کو کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف رئیر ایڈمرل اطہر مختار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ اس32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی لمبائی 34میٹر جبکہ وزن 481ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار12ناٹیکل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن اور دو آزیمتھ تھرَسٹر نصب ہیں۔ یہ ٹگ پاک بحریہ کے تمام سائز کے جہازوں کے ساتھ ہر قسم کے ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز سے لیس ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رئیر ایڈمرل اطہر مختارنے کہا کہ یہ ٹگ ، جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا ایک مظہر ہے۔انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاک بحریہ اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون پر اْن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت کراچی شپ یارڈ جہاز سازی کے 6 منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment