آرٹیکل 6 سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے- بلاول

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ڈیمز کی مخالفت پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے، آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے۔چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور بہت سے لوگوں کو اعتراضات ہیں۔خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ دنوں اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، میں نے آرٹیکل 6 کا مطالعہ شروع کر دیا ہے، جس نے ڈیمز کی تعمیر روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔بلاول بھٹو زرداری نے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے کا ذکر نہیں کیا گیا،حکومت نے پارلیمانی کمیشن نہ بنایا تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پرغور ہوسکتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment