کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک حکام نے گرفتاری سے بچنے کے لئے آئی بی سی گڈاپ بند کردی۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک حکام نے احسن آباد کے مکینوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ،گرفتاری سے بچنے کے لئے کے الیکٹرک حکام نے آئی بی سی گڈاپ پر تالے ڈال دیئے ، آئی بی سی کی بیرونی دیوار پر بینر آویزاں کر کے مکینوں کو شکایت کی صورت میں جوہر آئی بی سی رخ کرنے کا کہا گیا ہے ۔دوسری جانب عدالت سے فرار ہونے والے کے الیکٹرک کے ملازمین کو گرفتار کرنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ پولیس اہلکار کار کردگی دکھانے کے لئے محض نمائشی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ عدالت سے فرار ہونے والے ملزمان کو بچانے کے لئے آئی بی سی گڈاپ کے دیگر ملازمین بھی آئی بی سی بند کرکے فرار ہوگئے ہیں۔کے الیکٹرک کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او ہمایوں کا کہنا تھا کہ یہ کیس انسویسٹی گیشن ٹیم کے پاس ہے جبکہ انویسٹی گیشن برانچ کے افسر چوہدری نذر کا رابطہ کرنے پر کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیئے گھراور دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں لیکن ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔