دھاندلی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن بنانے کا حکومتی اعلان آج متوقع

اسلام آباد ( امت نیوز ) وفاقی حکومت نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانےکا فیصلہ کر لیا، معاملے پر وزیر اعظم کا کل قومی اسمبلی میں اہم اعلان متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیشن پر برطانوی ہائی کمشنر کے عشائیے کے دوران شہباز شریف اور فواد چوہدری کے درمیان گفتگو ہوئی۔ذرائع نےمزید بتایا کہ اس موقع پرشہباز شریف نے کہا کہ اب تک آپ لوگوں نے کمیشن نہیں بنایا،اپوزیشن بھرپور احتجاج کرے گی۔فواد چوہدری نےجواب دیا کہ آپ کے احتجاج کی وجہ سے ہی اب تک کمیشن نہیں بن سکااور یقین دہانی کروائی کہ کل پارلیمانی کمیشن کا اعلان کردیا جائے گا۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) نے ا انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد قومی اسمبلی کے باہر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ صدارتی خطاب سے قبل اسپیکر سے فلور مانگا، فلور اس لیے نہیں دیا گیا کہ قواعد اجازت نہیں دیتے، ایسی مثال پہلےموجود ہے، ایازصادق نےشاہ محمود قریشی کواجازت دی تھی لیکن ہمیں واک آؤٹ کرنے پر مجبور کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت نے صدارتی خطاب کے بعد بھی ہمیں بات کرنےکی اجازت نہیں دی، آج کی بدمزگی کی ذمہ داری سرکاری جماعت پر آتی ہے، یہ غلط شروعات ہے، ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ آرام سے چلے، ہمیں حق سے محروم کیا گیا۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم چاہتے تھے اپنا مؤقف عوام تک پہنچاتے، ہم انہیں صرف یہ کہنا چاہتے تھے کہ وعدے کو ایک مہینہ ہوگیا، دھاندلی کے مسئلے پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے، چاہیں گےدھاندلی پر پارلیمانی کمیشن جلد تشکیل ہوکر کام شروع کردے، کل ہم پھر اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس عوام کے لئے کرنے کو کچھ نہیں ،100دن بھی گزر جائیں گے ،چوری کے ووٹوں سے وجود میں آنے والے حکمران سیاسی انتشار کو ختم نہیں کر سکتے، اس سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتا ہے، ہمیں سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنا ہو گا، دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہئئیں۔ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ کس طرح الیکشن کمشن مکمل طور پر ناکام ہوا اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔مسلم لیگ (ن) نے مشترکہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس آج منگل کو صبح 9 بجے پارلیمنٹ میں طلب کر لیا ۔ اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کریں گے، انتخابات میں دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن بنانے سمیت تمام سیاسی نکات پر غوروخوض کیاجائیگا۔

Comments (0)
Add Comment