لاہور (خبرایجنسیاں) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دینے کے مطالبے سمیت 4قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئیں۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک اندوہناک واقعہ ہے جس میں 14 بیگناہ شہریوں کو بیدردی سے شہید کیا گیا لیکن سابق حکومت کے دور میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور انصاف پسند عوامی حلقے مکمل انصاف کے منتظر رہے، ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرار داد جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ غریب عوام پر گیس بم گرانا سراسر نا انصافی ہے،قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سلمیٰ سعدیہ تیمور کی طرف سے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرار داد جمع کروائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے فلور ملز کو گندم کی سپلائی بروقت نہیں کی جس کی وجہ سے فلور ملز مالکان نے آٹے کے فی تھیلے کی قیمت میں 65روپے اضافہ کر دیا ،حکومت کی ناکام پالیسی کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فلور ملز کو گندم کی سپلائی کرتے ہوئے آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرے ۔ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے سرکاری ہسپتالوں میں عملے کے موبائل فون کا استعمال محدود بنانے کے مطالبے پر مبنی قرارداد جمع کرا دی ۔