کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے 40 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں نیشنل بینک کے سابق صدر آصف بروہی سمیت دیگرملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا ہے ۔ملزمان میں نجی کمپنی کا مالک احمد ہمایوں شیخ، عابد امین، ندیم انور اور نیشنل بینک کا سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ نوشیروان عادل شامل ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے نیشنل بینک سمیت 63مالیاتی اداروں کو 40ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔ریفرنس میں سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ رفیق بنگالی مفرور ہے۔دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے بیوی کو زخمی کرنے کے کیس میں ملزم ڈی ایس پی اینٹی کرپشن وحید کلہوڑو کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے جمعرات کو جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے بیوی کو زخمی کردیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے نجی بینک میں ڈکیتی کے ملزم سیکورٹی گارڈ ندیم خان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے فیس بک پر میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے والے 2 ملزمان وقار اور مبین کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ملزم مبین نے خود کو تعلیمی افسر بتاتا تھا۔