واشنگٹن(امت نیوز)امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے یا فاقوں سے جسم کی اندرونی وریدیں اور شریانیں طویل عرصے تک جوان رہتی ہیں جس کے نتیجے میں امراضِ قلب سے لے کر الزائیمر جیسی خطرناک و جان لیوا بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ریاست اٹلانٹا میں واقع جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل اہم سائنسدان ڈاکٹر مِنگ ہوئی زو نےانکشاف کیا ہے کہ روزہ رکھنے والے کے جسم میں ایک خاص مالیکیول پیدا ہوتا ہے جو رگوں اور شریانوں کی عمر رسیدگی کو روک کر انہیں تادیر جوان رکھتا ہے۔روزے کی حالت اور کم کاربوہائڈریٹس والی غذاؤں کے استعمال سے جسم جس کیفیت میں آتا ہے اس میں اضافی چکنائی گلوکوز کے بجائے توانائی جمع کرنے لگتی ہیں۔ اس عمل میں ایک مالیکیول ’’بی ٹا ہائیڈروکسی بیوٹائریٹ‘‘ پیدا ہوتا ہے جو خلیات کے حیاتیاتی چکر (لائف سائیکل) پر اثرانداز ہوتے ہوئے ان کی عمررسیدگی روکتا ہے۔اس سے قبل وقفے وقفے سے روزوں و فاقوں سے وزن کم کرنے کے کئی فوائد سامنے آتے رہے ہیں۔ڈاکٹر منگ ہوئی زو کہتے ہیں کہ فاقے سے خلیات میں مائٹوکونڈریائی سرگرمیاں بھی بدل جاتی ہیں۔رگوں اور شریانوں کی عمر رسیدگی رکنے کے بدن پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بی ٹا ہائیڈروکسی بیوٹائریٹ مالیکیول کو چوہوں پر آزمایا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ اسٹیم سیل کو بھی تحریک دے کر خون کی رگیں جوان رکھتا ہے۔