اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اعلی عدلیہ کے ججوں کا احتساب کرنے والے آئینی ادارے سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی کوآگے بڑھانے کافیصلہ کیاہے اور انھیں یکم اکتوبر کوکونسل کے روبروذاتی طورپر یاوکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ریفرنس کی کارروائی کوآگے بڑھانے کافیصلہ جسٹس شوکت صدیقی کی جانب سے آئی ایس آئی پر عدالتی امور میں مداخلت کے الزام لگانے پر کی کیاگیا ہے ۔کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی کی تقریر پر ریفرنس کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا اور اس کیلئے یکم اکتوبر کو ریفرنس پر کونسل کا اجلاس ہوگا۔ اٹارنی جنرل اور جسٹس صدیقی کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں اور ان کو خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔یاد رہے کہ تقریر کے بعد جسٹس صدیقی کو اکتیس جولائی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے انہوں نے جواب جمع کرائے تھے۔جسٹس صدیقی کے خلاف سرکاری مکان کی تزئین و آرائش پر زیادہ اخراجات کرنے کا ایک ریفرنس پہلے ہی زیر سماعت ہے۔