کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے شادی ہالز پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر ایف بی آر کو شادی ہالز سے 20 ہزار روپے فی تقریب ٹیکس لینے سے روک دیا اور فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ منگل کو جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزار نصرت جہاں سمیت دیگر نے ایف بی آر اور کمشنر ان لینڈریونیو کو فریق بنا کر موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر حکام شادی ہالز میں ایک تقریب کے 15 سے 50 ہزار روپے وصول کرتے تھے۔ حکومت ان سے پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرتی تھی۔ لیکن اب20 ہزار روپے فی تقریب فکس کرنے پرتشویش ہے۔ شادی ہالز کے اخراجات میں اضافہ پر عوام گلیوں اور سڑکوں پر تقریبات پر مجبور ہونگے۔ عدالت نےوکلا کے دلائل سننے کے بعد ایف بی آر کو شادی ہالز کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا۔