اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای الیون اور بنی گالہ میں واقع غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ جائزہ لے کر ان تعمیرات کو ریگولرائز کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔سیکٹر ای الیون اور بنی گالہ میں واقع غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے سپریم کورٹ میں کی۔عدالت نے سی ڈی اے کو ہائی کورٹ کے فیصلے کی سفارشات کی روشنی میں تمام تعمیرات کا چھ مہینے میں جائزہ لینے اور ہر دو مہینے بعد پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اورجاری تعمیرات پرکام روکتے ہوئے حکم دیا کہ ایک انچ کی مزید تعمیر پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اب قانون کی حکمرانی آگئی ہے سب کو قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔