آج پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لئے شائقین بے تاب – ٹکٹیں بلیک

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ کے سب سے بڑے معرکے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس مقابلے کے بے چین متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شائقین خوشی سے پھولے نہیں سمارہے ہیں اور اس کا ثبوت ٹکٹوں کی فروخت میں دیکھا جاسکتا ہے، کیونکہ آج میچ سولڈ آؤٹ ہے۔ یعنی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ سب سے کم ٹکٹ ڈیڑھ سو درہم مالیت کا ہے، جبکہ اس کے بعد300، 550اور 750درہم مالیت کے ٹکٹ ہیں، جبکہ کارپوریٹ باکس کے ٹکٹ کی قیمت 5ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 6ہزار درہم ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیڑھ سو درہم کا ٹکٹ بلیک میں 500سے لے کر 600 درہم میں فروخت ہوا ہے۔ ایشیا کپ کے اس میچ کے بعد دونوں ٹیمیں 23ستمبر کو سپر 4میں مدمقابل ہوں گی اور اگر یہ دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں تو اس صورت دونوں تیسری بار آمنے سامنے آجائیں گی۔ اسی وجہ سے دوسرے ملکوں سے بھی شائقین آج کے میچ کے لیے دبئی پہنچ رہے ہیں۔ایشیا کپ کا میزبان چونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ ہے۔ لہذا بھارتی ٹیم ناصرف دوسری ٹیموں سے الگ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے، بلکہ وہ یہ ٹورنامنٹ 2مراکز پر ہونے کے باوجود اپنے تمام میچز صرف دبئی میں کھیل رہی ہے اور اسے کسی بھی صورت میں ابوظہبی کا سفر اختیار نہیں کرنا پڑے گا، جبکہ پاکستانی ٹیم کو سپر فور کے 2میچز ابوظہبی میں کھیلنے ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment