سندھ حکومت نے جیلوں میں اصلاحات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں

کراچی (رپورٹ: ارشاد کھوکھر) حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جیلوں میں اصلاحات، قیدیوں کو قانون کے مطابق سہولیات کی فراہمی اور جیل انتظامیہ کی کوتاہیوں اور قیدیوں سے ناانصافی کی نشاندہی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔18سینٹرل اور ڈسڑکٹ جیلوں کے لئے ریٹائر ڈافسران ، وکلا ، ڈاکٹروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی 80 شخصیات پر مشتمل الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ نے ملک بھر کی جیلوں میں اصلاحات لانے اور قیدیوں کو جیل مینول کے تحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئیے وفاقی محتسب کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا تھا اس ضمن میں جو فیصلے کئے گئے تھے ان میں سے یہ بھی تھا کہ تمام جیلوں کے لئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی ، ڈاکٹروں ، ریٹائرڈ افسران ،صحافیوں، وکلا سمیت غیر جانبدار افراد پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو مہینے میں ایک دو مرتبہ متعلقہ جیلوں کا دورہ کرکے قیدیوں کی صورتحال ، سہولیات اور جیل انتظامیہ کے انتظامات کاجائزہ لے کر جیلوں کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جیل انتظامیہ کی کوتاہیوں کو نشاندہی کریں اور اس ضمن میں صوبائی سیکریٹری داخلہ کو اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹس ارسال کریں اور قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اگر کوئی ناانصافی ہورہی ہے یا ان کی صحت اور بیماری وغیرہ کا کوئی مسئلہ ہو تو اس حوالے سے بھی سفارشات ارسال کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے مذکورہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور غیر سرکاری اداروں سے نام طلب کئے تھے جس کے بعد صوبائی محکمہ داخلہ نے اس ضمن میں کمیٹیاں قائم کرکے اس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے اور فاضل عدالت میں رپورٹ جمع کرانے کے ساتھ اس حوالے سے وفاقی محتستب اعلیٰ ، آئی جی جیل خانہ جات ، تمام ڈی آئی جیز جیل خانہ جات ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کی اورتمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو بھی نوٹیفکیشن کی کاپی ارسال کردی ہے، سینٹرجیل کراچی کے لئے جو 6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کا کنوینئر کمشنر سمیت مختلف محکموں کے سیکریٹریز کے عہدوں پر تعینات رہنے والے ریٹائر افسرشفیق الرحمان پراچہ کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممبران میں آئی جی سندھ پولیس کے عہدے پر بھی تعینات رہنے والے ریٹائر پولیس افسراظہر فاروقی، صارم برنی ٹرسٹ کے ٹرسٹی صارم برنی ،صحافی تجزیہ نگار ایڈووکیٹ جاوید احمد قاضی ، دواساز کمپنی ہلٹس کے سی ای او سرداریاسین ملک اور ڈائریکٹر لا سوسائٹی آف پاکستان شفیع الدین اعوان شامل ہیں، کراچی کی خواتین کی سینٹرل جیل کے لئے ریٹائر سیشن جج گلشن چانڈیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ممبران میں سی ڈبلیو پی کے لیگل ایڈوائزر ، بیرسٹر جیاامام زیدی ایڈووکیٹ ، کلپنا دیوی ، ایف آرایچ ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نظر جہاں ، کراچی اسپورٹس لائنز کلب کی صدر شازیہ نظر شامل ہیں ۔ ڈسڑکٹ جیل ملیرکے لئیے عیسی ٰ لیبارٹری کے سی ای او فرحان عیسیٰ کو کنوینئر مقرر کیاگیا ہے جبکہ ممبران میں عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر ریحان یاسین ، ملیر بار کے سابق صدر ایڈووکیٹ محمد اشرف سموں ایڈووکیٹ، فیاض علی پٹھان ، محقق و سماجی کارکن گل حسن کلمتی اورسید فدا ڈنو شاہ شامل ہیں۔ حیدرآباد کے سینٹرجیل اور نارا جیل کے لئے جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کا کنوینئر محمد ذکر کو مقرر کیا گیا ہے، ممبران میں حیدرآباد پریس کلب کے سابق صدر لالہ رحمان سموں ایڈووکیٹ جمیل احمد ڈاکٹر یعقوب خان اور حاجی علاؤالدین قائم خانی شامل ہیں ۔ حیدرآباد کی خواتین کے خصوصی جیل کے لئے گائینا کالوجسٹ ڈاکٹر رضوانہ انصاری کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ ممبران میں مخدوم خرم ، اسلم چنہ ،ایڈووکیٹ بشارت ، سمینہ نواب کے نام شامل ہیں۔ سینٹرل جیل لاڑکانہ کے لئے جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں ایڈووکیٹ عنایت اللہ موریو کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممبران میں ڈاکٹر ونامور صحافی ڈاکٹر مولا بخش کلہوڑو ، غلام محمد اسران، فداحسین میرانی، ایڈووکیٹ ظفر اللہ سومرو اور عبدالخالق جتو ئی کے نام شامل ہیں۔ لاڑکانہ میں خواتین کی خصوصی جیل کی کمیٹی کیلئے محمد احمد فاروقی کو کنوینر مقررکیا گیا ہے جبکہ ممبران میں ماہر تعلیم و محکمہ تعلیم کی ریٹائر افسر نور جہاں عباسی ، ایڈووکیٹ اکبر علی ڈہر اور ڈاکٹر مولابخش کلہوڑو کے نام شامل ہیں ۔ سینٹرل و ڈسڑکٹ وومین جیل سکھر کے لئے عامر غوری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ممبران میں عبدالفتاح شیخ ، محمد دین ، ایڈووکیٹ عبدالقادر سومرو ، ایڈووکیٹ شہربانو، ڈاکٹر فدا حسین شاہ ، پروفیسر (ر) میاں غلام رسول قریشی اور سکھر بلڈبینک کے ایڈمنسٹریٹر عبدالجبار کے نام شامل ہیں ۔ ڈسڑکٹ جیل میرپور خاص کے لئےلالہ خالق کو کنوینر عبدالواحد جونیجو ، ڈسڑکٹ جیل بے نظیر آباد کیلئے 8رکنی کمیٹی کا کنوینر چوہدری عبدالقیوم کو مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسڑکٹ جیل دادو کی 6رکنی کمیٹی کا حاجی عبداللہ کھوکھر کو کنوینر مقررکیا گیا ہے۔ ڈسڑکٹ جیل سانگھڑ کی5رکنی کمیٹی میں شیر خان کوکنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔ سینٹر جیل خیرپور کی 6رکنی کمیٹی میں پروفیسر (ر) شاہ محمد جوہرانی کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممبران میں محمد ابراہیم، ایڈووکیٹ شاہد حسین پھلپھوٹو ، صفدر علی ڈہوٹ لعل ڈند خاصخیلی اور قربان منگی شامل ہیں دیگر اضلاع کی ڈسڑکٹ جیلوں کے لئے جو کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ان میں سے گھوٹکی کی 5رکنی کمیٹی کا کنوینر خادم حسین ،شکارپور کی 5رکنی کمیٹی کا کنوینر اقبال ڈیٹھو ، جیکب آباد کی 4رکنی کمیٹی کا کنوینر عاشق علی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈسڑکٹ جیل نوشہروفیروز کے لئے جو کمیٹی قائم کی گئی ہے اس کیلئے کنوینر عبدالشکور عباسی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممبران میں خالد مسعود چنہ ، ڈاکٹر پیر لیاقت علی ، غلام حسین ڈاہری ، عبدالقادر خانزادہ اور رانا سہیل احمد راجپوت شامل ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment