راولپنڈی (امت نیوز) ایشیئن گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی نرگس نے تاریخ ساز کامیابی کو اپنے والدین اور کوچز کے نام کر دیا۔ ایشیئن گیمز کراٹے مقابلوں میں ملکی تاریخ میں پہلی بار میڈل حاصل کرنا کسی خواب سے کم نہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کراٹے پلیئر نرگس نے کہا کہ اگر انہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور ٹریننگ ملتی تو وہ طلائی تمغہ کیلئے مقابلہ کرتیں۔ کم وقت اور نامساعد حالات میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی مشکل مرحلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں مگر وسائل اور بین الاقوامی مقابلوں میں کم شرکت کی وجہ سے ہماری پوزیشن وہ نہیں جو ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کوچ شاہ محمد شان نے میری بھرپور رہنمائی کی اور ہر موقع پر حوصلہ افزائی کی۔