ابوظہبی (امت نیوز) سری لنکن ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے دنیا کے 12ویں بائولر بن گئے۔ انہوں نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کے خلاف میچ میں ایک وکٹ لیکر سابق کیوی بائولر ڈینئل ویٹوری کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، ویٹوری نے 305 وکٹیں لے رکھی تھیں جبکہ مالنگا کی وکٹوں کی تعداد 306 ہو گئی ہے، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سری لنکا کے ہی متھایا مرلی دھرن کو حاصل ہے جنہوں نے 534 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ سری لنکن آل رائونڈر تھسارا پریرا نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق پاکستانی سپنر مشتاق احمد کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔