معذور بچہ کیس میں گرفتار 7 کے الیکٹرک افسران کی ضمانت منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچے کے دونوں بازوؤں سے محروم ہونے سے متعلق کیس میں گرفتار کے الیکٹرک کے 7 افسران کی 50 ، 50 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ فریقین کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے،عدالت نے تفتیشی افسر کو معاہدہ پیش کرنےکا حکم بھی دیا۔ بدھ کو سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک اور متاثرہ بچے کے اہل خانہ کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے مطابق کے الیکٹرک 8 سالہ عمر کے اہل خانہ کو ماہانہ 25ہزار روپے ادا کرے گی، جس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ کے الیکٹرک ماہانہ 300 یونٹ کے مساوی رقم بھی ادا کرے گی، جبکہ دونوں ہاتھوں سے محروم ہونیوالے عمر کا مکمل علاج بھی کرایا جائے گا، مدعی مقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف کیس واپس لے گا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو متعلقہ معاہدہ ماتحت عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ ملزمان میں انچارج کےالیکٹرک ، ثاقب عباس ڈی جی ایم نثار احمد منیجرکریکٹومنٹینس ارسلان سپروائزر سید شاہ نواز ، شفٹ انچارج رضا حسین رضوی اسسٹنٹ انجینر اور شوکت منگی شفٹ انجینئر بھی شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment