کوہاٹ (بیورو رپورٹ) درہ آدم خیل کے اخوروال کوئلہ کان میں حادثے کے ایک ہفتے بعد کوئلہ نکالنے کا کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔کان کنوں نے کہا ہے کہ اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے لیے یہ سخت اور مشکل مزدوری کرتے ہیں حکومت اپنے طور بھی سہولیات فراہم کرے۔تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ پہلے اخوروال کے کوئلہ کان میں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا تھا جس سے شانگلہ کے نو کان کن جاں بحق ہو گئے تھے ۔جس کے بعد کان کنوں نے دوبارہ اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے ۔گزشتہ روز کان کنوں نے باقاعدہ طور پر کوئلہ نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے اس موقع پر کان کے مالک ظفر عالم اور منیجر اجمیر آفریدی نے کہا ہے کہ کان کنوں کی حفاظت کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں کسی بھی حادثے کے وقت ہماری ایمبولینس ،گیس ماسک اور دیگر ضروری میڈیسن کٹ موجود ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئلے کے کانوں میں حادثات پوری دنیا میں ہوتے ہیں چین میں آئے روز بڑے بڑے حادثات ہوتے ہیں حادثہ قدرتی طور پر کان میں گیس بھر جانے سے ہوتا ہے ۔کان کنوں نے کہا کہ ظفر عالم کول مائن مزدوروں کو مکمل وسائل فراہم کرتا ہے تاہم بعض اوقات گیس بھرنے کی وجہ سے کان کے اندر حادثہ رونماء ہو جاتا ہے ۔کان کنوں نے کہا کہ حکومت بھی اپنے طور پر کان کنوں کی حفاظت کے لیے عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرے کیونکہ حکومت ان کانوں سے لاکھوں روپے کا ٹیکس وصول کرتی ہے۔