نئی دہلی (امت نیوز)افغانستان کے صدر اشرف غنی نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر باہمی تعاون سمیت افغانستان کے مسئلے پر بات چیت ہوئی۔ ا فغان صدر اشرف غنی نے بدھ کے روز نئی دہلی کا ایک روزہ دورہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات اور بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے حیدرآباد ہاؤس میں باہمی تعاون میں اضافے سمیت دیگر متعدد امور پر تفصیل سے گفتگو کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’افغان صدر اشرف غنی ایک روزہ دورے پر صبح کو نئی دہلی پہنچے۔ وزیر اعظم مودی نے اسٹریٹجک شراکت دار افغان صدر کا گرمجوشی سے استقبال کیا‘‘۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سمجھا جاتا ہے کہ اشرف غنی نے افغانستان میں امن عمل کی موجودہ صورتحال سے مودی کو باخبر کیا۔سینئربھارتی تجزیہ کار رہیش سنگھ نے بتایاکہ مسئلہ افغانستان کے حل کا ایک اینگل چین روس اور پاکستان کا ہے۔ دوسرا اینگل امریکہ، افغانستان اور بھارت کا ہے۔ روس، چین اور پاکستان چاہتے ہیں کہ افغانستان اور طالبان کے مسئلے کو حل کرنے میں پاکستان کا فیصلہ کن کردار ہو۔