کرتار پور سرحدکھولنے پر پاک بھارت رابطہ نہیں ہوا-دفتر خارجہ

اسلام آباد( مانیٹر نگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور بارڈر کھولنے پر باضابطہ رابطہ نہیں ہوا،وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پرہیں لیکن سعودی عرب سے امدادی پیکیج کے حوالے سے علم نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھوکی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی تھی جس سے متعلق سدھو کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے بابا گرونانک کے جنم دن پر کرتارپورہ کا راستہ کھولنے کا کہا ہے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ کا دورہ مثبت رہا، جلال آباد قونصل خانہ کھولنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، سیکیورٹی ملنے کے بعد قونصل خانہ کھول دیا جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم ملاقات کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پربات چیت جاری ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ وزیراعظم کی پاک بھارت میچ میں شرکت کے حوالے سے علم نہیں۔

Comments (0)
Add Comment