دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی ہے، جس میں یو اے ای کے نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان، عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اورتعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا جبکہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر بھی دونوں ممالک کے مشترکہ نکتہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں یو اے ای کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور وزیر برائے صدارتی امور بھی موجود تھے جبکہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسدعمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور پاکستانی سفیر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور یو اے ای کا دورہ مکمل کرنے کے بعد رات گئے اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔