مجالس و جلوسوں کیلئے سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے-آئی جی سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پولیس کو ہدایت کی ہے عاشور کی مجالس و جلوسوں سمیت انکے روٹس کیلئے سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او کا دورہ کیا اور شہر کے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سیکورٹی مانیٹرنگ سرویلنس سمیت محرم کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی نگرانی کا جائزہ لیا۔ انہوں کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ ارسال کی جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سندھ ، ڈائریکٹر آئی ٹی سی پی او اور اے آئی جی آپریشنز سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آئی جی سندھ نے مزید ہدایت کی کہ محرم کی مجالس، جلوسوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس پر سیکورٹی اقدامات کو مربوط اور ٹھوس بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضلاع کی سطح پر رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے روابط کو مزید تقویت دی جائے اور انٹیلی جینس کلیکشن و بروقت شیئرنگ سمیت ہر قسم کی معلومات کو فالو کرنے پر بھی عملدرآمد یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے محرم سیکورٹی انتظامات کی بذات خود مانیٹرنگ کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے وقتاً فوقتاً جاری احکامات پر عملدرآمد کو خصوصی اہمیت دی جائے۔

Comments (0)
Add Comment