حویلیاں (نمائندہ امت) میاں نوازشریف کی رہائی نے خلائی مخلوق کی سازش کو بے نقاب کر دیا ،عوام نے دیکھ لیا کہ میاں نوازشریف کی موجودگی میں حکومت حاصل کرنا ناممکن تھا ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبرپختونخواہ کے سیکریٹری جنرل مرتضیٰ جاویدعباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نیب جیسے متنازعہ ادارے کے ذریعے عوام کے محبوب قائد کو پابندِ سلاسل رکھنا اور توہین آمیز انداز میں عدالتوں میں پیش کرنا ایک سازش تھی جو کہ اللہ کے فضل وکرم سے ناکام ہوئی مرتضیٰ عباسی نے کہ تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہنے والے میاں نوازشریف کو بیگم کلثوم نواز کی بیماری میں جیل میں ڈال دینا پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے لئے اذیت ناک تھا لیکن ہم نے قانون کی بالادستی کے لئے یہ جبر بھی قبول کیا انہوں نے کہا اگر میاں نواز شریف 25جولائی کے انتخابات میں عوام میں موجود ہوتے تو موجودہ حکمرانوں کی ضمانتیں ضبط ہو جاتی۔ مرتضیٰ جاویدعباسی نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں سیاسی قیادت کو کرپٹ اور مجرم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے وہ ہماری عوام کے لئے لمحہ ِفکریہ ہے ۔