اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر نے سنکیانگ میں مسلمانوں پر عائد پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت صوبہ سنکیانگ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالاتر ہے۔سی پیک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سنکیانگ میں مسلمانوں پر عائد مختلف پابندیوں میں نرمی کی جائے۔سخت پابندیوں کے ردعمل میں انتہا پسندانہ سوچ کے پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی حکومت صوفی ازم اور معتدل سوچ کے حامل مذہبی طبقات کی معاونت کا عزم رکھتی ہے۔مذہبی ہم آہنگی میں بہتری کے لیے دونوں ملکوں کے علمائے کرام کے درمیان تبادلہ خیال ضروری ہے۔سفیر نے وفاقی وزیر کو دورہ چین کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔سفیر نے سنکیانگ میں پاکستانی علما کے وفود بھیجنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔سفیر نے کہا کہ چین میں 2 کروڑ مسلمان رہتے ہیں۔ہم دو طرفہ تعلقات میں مسلم کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔