اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ،کورٹ رپورٹرجنرل رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے رش کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ کے دروزارے بند کر دیئے گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نے شریف فیملی کی سزائوں کی معطلی کیلئے درخواستوں کی سماعت کی، اس موقع پراسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،جسٹس اطہر من اللہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت میں موجود وکلااور لیگی رہنمائوں کو خاموش ہونے کا حکم دیا اور عدالت کے دروازے بند کرنے کا حکم دیدیا۔اس دوران کارکنان میں دھکم پیل بھی ہوئی تاہم فیصلے کاانتظار کیاگیااور تین بجے جیسے ہی فیصلہ سنایاگیاکارکنان نے نعرے بازی شروع کردی ۔