سی پیک کے مخالفین کامیاب نہیں ہونگے – چینی صدر

بیجنگ (خبر ایجنسیاں) چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو ہر آزمائش میں پورا اترنے والا آزمودہ آہنی دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے مخالفین ناکام ہوں گے۔دونوں ملکوں کے پائیدار تعلقات کیلئے پاک فوج کا بڑا اہم کردار ہے۔ چین بطوراسٹریٹیجک پارٹنر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یقین دلایا ہے کہ پاک فوج ہر قیمت پر سی پیک کی سیکورٹی یقینی بنائے گی۔ دشمن کے عزائم سے نمٹنے کیلئے چین کی حمایت کی بے حد قدر کرتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، علاقائی چیلنجز اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چینی صدر سے ملاقات خصوصی دعوت پر کی۔اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار تعلقات کیلئے اہم کردار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چینی صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور پاکستان کی مسلح افواج کے علاقائی امن و استحکام میں کردار کو تسلیم کیا۔ چینی صدر نے کہا کہ سی پیک ناصرف چین بلکہ خطے اور اس سے آگے استحکام کا ایک اقدام ہے۔ پاک فوج خطے میں امن کی اہمیت کو سمجھتی ہے، جبکہ پاکستان نے امن کیلئے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعوت دینے اور علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور کردار تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود کامیابی اس کا مقدر ہے۔ آرمی چیف نے چینی صدر کو یقین دلایا کہ پاک فوج ہر قیمت پر سی پیک کی سیکورٹی یقینی بنائے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ دشمن کے عزائم سے نمٹنے کیلئے چین کی حمایت کی بے حد قدر کرتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment