کسی کو سعودیہ پر حملے کی اجازت نہیں دینگے – عمران خان

جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور سعودی عرب نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں مؤقف برقرار رکھنے پر اتفاق رائے کیا ہے ،جبکہ سعودی اخبارات کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے ۔اس لئے منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا میرا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، کسی کو بھی سعودی عرب پرحملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کیخلاف سعودی عرب کی طرح لڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔وزیراعظم سعودی فرمانروا سےملاقات کے لئے شاہی محل پہنچے تو انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کا ترانہ بھی بجایا گیا۔ عمران خان اور شاہ سلمان کے درمیان ملاقات میں تجارت، اقتصادیات اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف علاقائی وعالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے،سعودی عرب کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں ۔پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ قلبی لگائو رکھتے ہیں ،کیونکہ سعودی عرب میں ناصرف مقامات مقدسہ ہیں ،بلکہ ہر مشکل وقت میں سعودی بھائیوں نے پاکستانیو ں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ،انہوں نے سعودی عرب سے مزید پاکستانی افرادی قوت بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ سعودی فرمانرواں نے وزیراعظم اور ان کے وفدکے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔سعودی وزیرتوانائی خالد الفالح اورصدرسعودی انوسٹمنٹ فنڈ سے بھی وزیراعظم نے ملاقاتیں کیں ،جس میں باہمی دلچسپی کےامور،دوطرفہ تعلقات،تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رابطے مزید بہترکرنے پربھی غورکیا گیا۔ملاقات کے دوران سعودی وزیر نے وزیراعظم سے خانہ کعبہ کے اندرجانے کے تجربے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ہمارا پہلا اوربہترین دورہ ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل بن احمد الجبیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔

Comments (0)
Add Comment