نواز لیگ میں نئی جان پڑگئی

راولپنڈی/لاہور(نمائندگان امت )شریف خاندان کی سزائیں معطل ہونے سے نواز لیگ میں نئی جان پڑگئی، عدالتی فیصلے کی اطلاع ملتے ہی کارکن سڑکوں پرنکل آئے، شہرشہر مٹھائی تقسیم کی گئیں، ریلیاں نکالی گئیں اورملک بھر میں جشن منایا گیا ، ہائی کورٹ سے رہائی کا حکم ملتے ہی شہباز شریف، جنید صفدر اور دیگر رہنما اور لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچی اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید ہاشمی، مرتضی عباسی، مئیر سردار نسیم خان سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی، نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کو سخت سیکورٹی میں جیل کے گیٹ نمبر ایک سے باہر نکالا گیالیکن راولپنڈی اور خاص طور پر جیل کے باہر کارکنوں کی کثیر تعداد کہ وجہ سے روڈ مکمل بلاک ہونے کے باعث نواز شریف کی گاڑیوں کو کچھ دیر کے لیے جیل میں ہی روک لیا گیا تھا۔ بعد ازاں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کوجلوس کی شکل میں نور خان ایئر بیس لے جایا گیا۔لاہور ایئر پورٹ پر بھی لیگی رہنما و کارکن بڑی تعداد میں پہنچے۔خصوصی طیارے کے ذریعے آمد پرسابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا شاندار استقبال کیا گیا، تینوں جہاز سے اترنے کے بعد گاڑی میں بیٹھے جسے حمزہ شہباز ڈرائیور کر رہے تھے۔گاڑی حج ٹرمینل سے باہر نکلی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کو دیکھ کر نعرے بازی شروع کر دی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ نواز شریف اور مریم ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔بعد ازاں قافلہ جاتی امرا روانہ ہوا جہاں پربھی کارکن جمع ہو گئے تھے ۔ کارکنوں کی بڑی تعداد میں آنے کے باعث لاہورمیں نواز شریف کی گاڑی کا چلنا مشکل ہو گیا۔کارکن پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔لاہور ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ کے باہر بڑی تعداد میں کارکن جمع ہو گئے اور قائد ن لیگ کے حق میں نعرہ بازی کی جبکہ مٹھائی بھی تقسیم کی گئیں۔فیصل آباد میں بھی عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بانٹی گئی اور کارکنوں نے نوافل بھی ادا کئے۔ راولپنڈی میں اے 60 سے لیگی امیدوارسجادخان اور لیگی رہنما اسامہ تنویرنے ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی۔ ا س موقع پر مٹھائی تقسیم کرنے کے ساتھ سینکڑوں پرندے آزادکئے گئے ۔ اسلام آباد، ملتان ،گوجرانوالہ،قصور،فیصل آباد،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے جشن منایا، خواتین ورکرز نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔ کارکنوں کیجانب سے خوشی میں نعرہ بازی کی گئی اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی گئی۔ شیخوپورہ میں کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔

Comments (0)
Add Comment