کرپشن اور ناانصافی کیخلاف اہل قلم رہنمائی کریں- گورنر پنجاب

لاہور (پ ر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حق گوئی اور بے باکی اصولی صحافت کی بنیاد ہیں ،ظلم ناانصافی اور کرپشن کے خلاف ہمیں اہل قلم اور اہل نظر کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ ملک سے کرپشن اور جہالت کو ہر ممکن ختم کیا جائے گا۔ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے صدرعارف نظامی کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو با اختیار کرنا، جمہوریت کا استحکام اور بلا امتیاز احتساب ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اب وزیر اعظم سے لے کر مقامی کونسلر تک عوام کو جوابدہ ہونا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اشتہارات کو بطور ٹول استعمال نہیں کرے گی اور ان کا اجراء خالصتاً میرٹ اور اخبارات کی سرکولیشن کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں واضح تبدیلی نظر آئے گی کہ تمام ادارے غیر جانبدار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاسی دبا وٴسے نکالنا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور سابق آئی جی کے پی کے ناصر درانی کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے اور یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انشا اللہ آپ کو جلد ہی پولیس کے نظام میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

Comments (0)
Add Comment