لیاری-سائٹ میں فائرنگ سے2ہلاک-خاتون زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری اور فرنٹیئر کالونی سائٹ میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔میاں بیوی کو فلیٹ کے اندر نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوست کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی نیوی فلیٹس کے قریب شان پلازہ کے فلیٹ میں 2 نامعلوم ملزمان نے داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق اسپتال میں مقتول کی شناخت 38 سالہ زبیر ولد عارف جبکہ زخمی خاتون کی شناخت 30 سالہ انیلہ زوجہ زبیر کے نام سے ہوئی ہے، جو آپس میں میاں بیوی ہیں۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے بتایا گیا کہ 2 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور بآسانی فرار ہوگئے۔مکینوں کے مطابق مقتول اور زخمی خاتون کافی عرصے سے مذکورہ علاقے میں رہائش پذیر تھے۔ دوسری طرف آئی جی سندھ کلیم امام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔قبل ازیں پیرآباد کے علاقے فرنٹیئر کالونی نمبر تین مکان نمبر D-547 میں 2 دوست نشہ کررہے تھے کہ اس دوران ان کا جھگڑا ہونے پر فائرنگ ہوگئی ، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 32 سالہ نواب زادہ ولد بخت زادہ کے نام سے ہوئی جو فرنٹیئر کالونی کا رہائشی تھا ، جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت محمد حسین شاہ کے نام سے ہوئی۔مقتول اور ملزم پہلے منشیات فروشی میں گرفتار ہوکر جیل بھی جاچکے تھے۔گرفتار ملزم محمد حسین شاہ عادی جرائم پیشہ ہے اور اس نے اپنے دوست کو نشہ کرنے کے دوران جھگڑے میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

Comments (0)
Add Comment