کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ عاشورہ کے دن کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے۔حضرت حسین اوران کے اہلخانہ کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ان کے راستے پر چلنے اور ان کے پیغام اور درس عمل بھی کریں۔دین کو غالب کرنے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔حضرت حسین سے عقیدت ومحبت کا تقاضہ ہے کہ اقتدار اور اختیار کے غلط استعمال کو روکا جائے۔وہ جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے راشد نسیم، ممتاز حسین سہتو، حافظ نعیم الرحمن، منعم ظفر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا جمعیت علمائے اسلام (س)سندھ کے ناظم مفتی محمدحماداللہ مدنی نے سرجانی میں فلسفہ شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدناحسین کی سیرت وکردار امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے ۔شہدأ کربلا کی قربانی صبر و تحمل کا درس دیتی ہے۔صحابہ کرام کی تعلیمات کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے عاشورہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا حق وسچ کی خاطر قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔یوم عاشور فرقہ واریت اور منافرت سے نفی کا دن ہونا چاہئے۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ باطل کے سامنے سینہ سپر اور حق پر سب کچھ نچھاور کرنا ہی فلسفہ حسینیت ہے۔