کراچی(صباح نیوز) سینئرسیاستدان وقائدجمعیت مولاناسمیع الحق نے بانیان پاکستان بنگلہ بولنے والوں اورعرصہ درازسے پاکستان میں مقیم افغانوں کووزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے شناختی دستاویزات دینے کے اعلان کاخیرمقدم کرتے ہوئے اس فیصلے کوملکی مستقبل کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے، ان خیالات کااظہارجمعیت علمائے اسلام(س) سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل قاری سیف الرحمن سے ٹیلیفونک گفتگوکرتے ہوئے کیا،اس موقع پرحافظ دلاور حسین بھی موجودتھے، مولاناسمیع الحق نے کہاکہ بنگلہ بولنے والوں کے آباؤاجدادنے قیام پاکستان کیلئے تحریک کی بنیادرکھی،1965ء کی پاک انڈیا جنگ میں پاکستان ایئرفورس کے جس عظیم ہیرونے انڈیاکوناکوں چنے چبوائے اورایک منٹ میں انڈین سورماؤں کے6جنگی جہازوں کوخاک میں ملاکر فضائی جنگ کی دنیا میں تاریخ رقم کی وہ ہیروایم ایم عالم بنگالی نژادپاکستانی تھے،ماضی کی حکومتوں کے برعکس موجودہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طورپر بنگلہ بولنے والوں کوان کے بنیادی حقوق دینے کااعلان کرکے ایک نہایت ہی مستحسن اقدام اٹھایاہے اس فیصلے کے ملکی وبین الاقوامی سطح پرانتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے،اسی طرح1979ء کے روس وافغان جنگ کے متاثرہ لاکھوں افغان مہاجرین کی اولادوں کوبھی بین الاقوامی قوانین اورحقوق انسانی کے تحت شناختی دستاویزات کی فراہمی بالکل درست فیصلہ ہے۔