صدر کی موبائل شاپ میں پر اسرار نقب زنی-صرف8فون چوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پرندہ مارکیٹ سے متصل موبائل فون کی دکان سے 8 موبائل فون چرا لئے گئے۔ پولیس نے واردات کو پراسرار قرار دیا ہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا- تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر پرندہ مارکیٹ سے متصل واقع موبائل فون کی دکان کا مالک ہفتے کی صبح جب دکان پہنچا توتالے ٹوٹے دیکھ کر فوری پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کئے۔ دکان کے مالک نے بتایا کہ محرم کی چھٹیوں میں دکان بند رکھ کر ہفتے کو آیا تو تالے ٹوٹے تھے،اتنی سیکورٹی میں بھی نقب زنی پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ایس ایچ او لیاقت حیات نے بتایا کہ نامعلوم ملزم دکان سے صرف 8موبائل فون لیکر گیا ہے جبکہ اندر 70سے زائد فون موجود تھے، دکان کے تالے ٹوٹے ہوئے ہیں، تاہم واردات پراسرار ہے، ملزم تمام موبائل فون کیوں نہیں لے گیا، امکان ہے کہ نقب لگانے میں دکان ملازم یا جان پہچان کے افراد ملوث ہوں، تاہم تفتیش کر رہے ہیں اور درخواست موصول ہوتے ہی مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے عاشورہ کے دوران صدر کی دکان میں نقب زنی کی میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Comments (0)
Add Comment