ہارون آباد(امت نیوز)8سالہ بچے کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا،باپ ہی قاتل نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔بہاول نگرمیں ہارون آباد کے علاقہ الہاشم کالونی مرزا ٹائون کے رہائشی رانا عابد زرگر کے 8سالہ بچے احمد حسین کو چند روز قبل قتل کر دیا گیا جس کی نعش قریبی کھیتوں میں پانی والے کھال سے ملی تھی۔وقوعہ کا مقدمہ مقتول بچے کی والد کی مدعیت میں درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی اور اس سلسلہ میں کئی لوگوں کو شامل تفتیش کیا اور بالآخر معصوم بچے کا قاتل اس کا اپنا باپ ہی نکلا جس نے پولیس کے سامنے اقرار جرم کرلیا، اقبالی بیان کی ویڈیو لیک ہو کرسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق قاتل باپ نے اپنے اقبالی بیان میں بتایا کہ اس نے لوگوں کے پیسے دینے ہیں جو میں ادا نہیں کر سکتا تھا تو پلان بنا کر اپنے بچے کو منہ پر کپڑا رکھ کر جان سے مار کر نعش کھیتوں میں پھینک آیا اور سوچا جس جس کے پیسے دینے ہیں ان کو مقدمہ میں الجھا کر پیسے معاف کرا کر ان کے حق میں بیان دے دونگا۔ قاتل باپ کی حقیقت سامنے آنے پر بچے کی والدہ اور دادی نے کہا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ باپ ہی اپنی اولاد پر اتنا ظلم کر سکتا ہے۔ ہم کبھی اس کو معاف نہیں کرینگے،انہوں نے کہاکہ ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر اعلی حکام سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد قانون کے مطابق اس کو سزا دیں۔یاد رہے مقتول تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔