کراچی (اسٹاف رپورٹر)یوم عاشور کا مرکزی جلوس بارگاہ شاہ نجف سے شروع ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ پر اختتام پذیر ہوا، اس دوران کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ 144حساس مقامات پر نصب 900خفیہ کیمروں سے کی گئی ، جب کہ پولیس اور رینجرز کے 30ہزارسے زائد اہلکاروں نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے ، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ہر 3گھنٹے کے وقفے کے بعد مرکزی جلوس کے راستوں کی سوئپنگ بھی کراوائی جاتی رہی ۔پولیس کے مطابق صبح 6بجے سے دوپہر 12بجے تک بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے ہر 3گھنٹے کے وقفے سے سوئپنگ کروائی جا تی رہی مرکزی جلوس کے راستوں پر پولیس و رینجرزکے 200سے زائد کمانڈوز 124عمارتوں پر تعینات کیے گئے تھے جبکہ جلوس کے شرکا کو واپسی پر بھی سیکورٹی فراہم کی گئی اور تمام راستوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرچنگ کی دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ ،ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ ودیگر اعلیٰ پولیس افسران نے جلوس کے راستوں کا معائنہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔