اسلام آباد (نمائندہ امت) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنے ظلم و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کبھی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری اپنا پیدائشی اور بنیادی حق ، حق خودارادیت لے کر دم لیں گے۔ تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں سردار مسعود خان نے میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کشمیر پرمنعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس کانفرنس سے ممبران برطانوی پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین، لارڈ قربان حسین ، راجہ نجابت حسین چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل، وائس چانسلر میر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن اور کونسلر بیرسٹر کامران حسین نے خطاب کیا۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے اندر کل جماعتی پارلیمانی گروپ آف کشمیر (APPKG)کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس گروپ کے ممبران مسئلہ کشمیر پر حقائق پر مبنی ایک جامع رپورٹ تیار کر رہے ہیں جو وہ برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ میں پیش کریں گے اور اس رپورٹ کے مندرجات پر برطانوی اور یورپین پارلیمان میں بحث ومباحثہ ہوگا ۔ جس سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پراجاگر ہو گا۔صدر نے بیرسٹر عمران حسین ایم پی کو کشمیر کاز کے لئے ان کی طرف سے برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی جانے والی ان خدمات کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ بیرسٹر عمران نے مسئلہ کشمیر پر انتہائی متحرک کردار ادا کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں ایک سال میں پانچ مرتبہ کشمیر ایشو کو اٹھانے پر لارڈ قربان حسین کا شکریہ ادا کیا۔ سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں بلا تاخیر حق خودارادیت کا انعقاد کرانا چاہیے۔ اور پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ جیسے کالے قوانین کا فی الفور خاتمہ کرنا چاہیے۔ وکلاءکی اس خصوصی تقریب سے بیرسٹر عمران حسین ایم پی، لارڈ قربان حسین اور بار ایسوسی ایشن کے صدر عبد العزیز چوہدری نے بھی خطاب کیا۔