مفتی دین پوری شہادت کیس میں سی سی ٹی وی فوٹیج طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے معروف عالم دین مفتی عبدالمجید دین پوری اور ان کے ساتھیوں کی شہادت سے متعلق کیس میں ملزمان کے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے 29 ستمبر کو واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ ہفتے کے روز سماعت کے موقع پر ملزمان کے وکیل عابد زمان نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے موکلین کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں،واقعے کی سی سی ٹی وی موجود ہے جو منگوا کر دیکھی جائے،فائرنگ کرنے والے کوئی اور تھے میرے موکل نہیں تھے ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 31 جنوری 2013 کو شارع فیصل سندھی مسلم کے مقام پرفائرنگ کرکے معروف عالم دین مفتی عبدالمجید دین پوری، مولانا صالح محمد اورحافظ حسان کو شہید کیا تھا، ملزمان میں وجاہت عرف علی، سرفراز، اصغر عرف بندا اور حیدر علی پولیس والا شامل ہیں ، ملزمان کے خلاف 10 سے زائد گواہان نے بیان قلمبند کرائے ہیں ،مقدمے میں عدالت نے وکلا سے حتمی دلائل طلب کررکھےہیں۔ دریں اثناانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت ہوئی ، اس موقع پر ضمانت پر رہا 18 ملزمان پیش ہوئے تاہم ملزمان میئر کراچی وسیم اختر اور حنیف پیش نہ ہوسکے ، دونوں ملزمان کے وکلا کی جانب سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر تے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔

Comments (0)
Add Comment