چکوال(امت نیوز ؍نمائندہ امت)چکوال میں دیرینہ دشمنی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا گیا۔ہفتے کو چکوال کی ضلع کچہری کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مرنے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مقتولین ضلع کچہری میں تاریخ پیشی بھگتنے کے بعد واپس گاؤں جارہے تھے کہ اوڈھروال بائی پاس پر پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے موٹر سائیکلوں پر سوار تین یا چار افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں غلام مہدی ولد ناصر علی عمر 56سال ، عظمت علی ولد چوہدری نوازش علی عمر 52سال اور اس کا بھائی شوکت علی ولد نوازش علی عمر 60 سال موقع پر جاں بحق ہوگئےجبکہ غلام مہدی ولد نواب خان عمر 66سال کو گردن میں گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ متاثرین حملہ تمام کا تعلق میر ا تھر چک علاقہ تھانہ کلرکہار سے ہے۔عادل میمن ڈی پی او چکوال کی ہدایات پر ضلع بھر میں ناکہ بندی کرادی گئی ہے اور نامعلوم ملزمان کے متعلق شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، HIUصدر سرکل کے انچارج خاور سعید اور انکی ٹیم مصروف تفتیش ہے۔ ملزمان موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والے افراد پر چند ماہ قبل چھ افراد کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ مقتولین کا تعلق کلر کہار کے گاؤں میرا سے ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان اور مقتولین کے درمیان 40سال پرانی دشمنی ہے جس میں اب تک 20سے زائد افراد قتل کیے جا چکے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔