لسبیلہ چوک پر شہریوں نے پانی چور بھگا دیئے

کراچی(رپورٹ:عظمت علی رحمانی)لسبیلہ چوک کے قریب شہریوں نے پانی چوروں بھگادیے۔ پانی مافیا کی جانب سے لسبیلہ سے غیر قانونی طور پر 8 انچ قطر کی لائن چوری کی جارہی تھی۔سائٹ ایریا میں تاج کوہستانی پانی چوری کا سب سے بڑا نیٹ ورک چلا رہا ہے، جس کی وجہ سے واٹر بورڈ کو ماہانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہاہے۔تفصیلات کے مطابق لسبیلہ چوک کے عقب میں لیاری ندی پانی چور مافیا کی سب سے پسندیدہ جگہ ہے، جہاں پر واٹر بورڈ افسران کی ملی بھگت سے سرکاری لائنوں سے پانی چوری کیا جارہا ہے۔یہ پانی کھارے پانی کے نام پر سائٹ کی فیکڑیوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔سائٹ ایریا میں سب سے بڑا پانی چور نیٹ ورک تاج کوہستانی کا ہے۔اس کے کارندوں نے 8سے 10محرم کی چھٹیوں اور موبائل فون سروس بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لسبیلہ چوک کے قریب پانی کی 8انچ قطر کی لائن بچھانے کے لئے نئی بلیک ٹاپ سڑک کو کھود ڈالا، جس پر اہل علاقہ جمع ہوگئے۔عوام کے نکلنے پر تاج کوہستانی کے کارندے بھاگ نکلے۔لسبیلہ میں واقع اقبال کھوجا ہوٹل کے سامنے سے 8انچ قطر کی لائن کو سائٹ انڈسٹریل ایریا لے جانا تھا، جہاں لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ ہی خالی گھروں میں وسیع ٹینک بنا کر پانی کو ذخیرہ کرکے لیاری ندی سے لائن کے ذریعے پانی انڈسٹریز کو فروخت کیا جاتا ہے۔تاج کوہستانی اس وقت سائٹ کی 16فیکٹریوں کو یومیہ کروڑوں گیلن پانی فراہم کرتا ہے، جہاں سے ماہانہ کروڑوں روپے جمع کئے جاتے ہیں۔لیاری ندی میں مجموعی طور پر 36چھوٹی بڑی لائنیں مافیا نے بچھا رکھی ہیں، جن کے لئے جعلی کاغذات بھی بنوائے ہوئے ہیں۔واٹر بورڈ کی جانب سے اس پر کوئی بھی مکمل کارروائی کرنے کے بجائے محض نمائشی آپریشن کئے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے مافیا دوبارہ کنکشن لے لیتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment