لوٹ کر آنیوالی گرمی نے سڑکیں سنسان کردیں – پارہ 41 ہوگیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گرمی لوٹ آئی۔درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تک پہنچنے سےسڑکیں سنسان ہوگئیں۔شہریوں کی بڑی تعدادنے ساحل سمندر کا رخ کرلیا۔ گرمی کی لہر آئندہ4 روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کوضروری حفاظتی اقدامات کے احکامات اور کےالیکٹرک کوبجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائوں کے رکنے سے درجہ حرارت 41سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوائوں کی رفتار کم سے کم 10اور زیادہ سے زیادہ 15کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ،جبکہ نمی کا تناست 74فیصد رہا اور گرمی کی لہر رواں ماہ تک جاری رہے گی۔ قبل ازیں رواں ماہ کا موسم اوسطا ًزیادہ سے زیادہ 32جبکہ کم سے کم 25سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اچانک گرمی کی شدت سےشہر کی اہم سڑکیں سنسان ہوگئیں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا،شہریوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ اور اچانک گرمی میں اضافے پر ساحل سمندر ہی سکون کا ذریعہ ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے تک رات میں ٹھنڈ ہوجایا کرتی تھی اورسوتے وقت کمبل کی ضرورت پڑتی تھی تاہم گزشتہ روز سے اچانک سے موسم معمولی طور گرم محسوس کیا گیا ہے۔‘‘امت ’’سے گفتگو کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر وقار احمد کا کہنا تھا کہ ہر سال اکتوبر میں گرمی ریکارڈ کی جاتی ہے کیونکہ مون سون کا موسم ختم ہوتا ہے جس کے باعث گرمی کی لہر دوبارہ آتی ہے اور نومبر میں موسم قدر بہتر ہوجاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر شہری اورصوبائی حکومت شجرکاری پرزور دیں تو شہر کا درجہ حرارت 3سے 5سینٹی گریڈ کم کیا جاسکتا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے شہریوں کو چاہیے کہ تیز دھوپ میں کھلے آسمان تلے کھڑے نہ ہوں،باہر نکلتے وقت سر ڈھانپیں اورمشروبات کا استعمال بڑھا دیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی موجودہ لہر کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے متاثرہ مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے تمام سرکاری اسپتالوں میں ضروری انتظامات کرے ، انہوں شہر میں بلدیاتی اداروں کے تعاون سے ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے کیمپ قائم کرنے ، شہریوں اور راہ گیروں کے لئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی شدید گرمی میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے ۔ وزیر اعلیٰ نے شہر میں پانی کی بہتر انداز میں فراہمی کو یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment