چینی خاتون پاکستانی شہری سے رقم وصول کرنے پشاور پہنچ گئی

پشاور(امت نیوز) چینی خاتون پاکستانی شہری سے تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم وصول کرنے پشاور پہنچ گئی، خاتون کی درخواست پر پولیس نے پشاور کے رہائشی کو گرفتار کرلیا۔ نجی چینل کے مطابق چین سے ایک خاتون پشاور پہنچی جس نے حیات آباد تھانے میں درخواست دی۔ درخواست کے مطابق پشاور حیات آباد کے رہائشی محمد شفیق نے چین میں مقامی خاتون کے ساتھ کاروباری ڈیل کی، خاتون ونگ لی سے بڑی تعداد میں کپڑا خریدا، شفیق کو 3لاکھ ڈالر ادا کرنے تھے لیکن وہ رقم ادا کیے بغیر پاکستان لوٹ آیا۔چینی خاتون ونگ لی نے مزید کہا کہ شفیق نے میرے ساتھ دھوکا کیا اور پاکستان فرار ہوگیا، میرا ویزا ختم ہونے والا ہے اور مزید رقم بھی نہیں ہے، جب بھی رقم کا مطالبہ کیا شفیق دھمکیاں دیتا تھا۔ ونگ لی نے درخواست میں مدد کے لیے حکومت پاکستان اور ایف آئی اے سے مدد طلب کی ہے۔ اے ایس پی حیات آباد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چینی خاتون کی درخواست پر ایف آئی آر درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کیا ہے جب کہ مزید کارروائی جاری ہے۔

Comments (0)
Add Comment