ٹوکیو (این این آئی )جاپان کے خلائی ادارے نے ایک سیارچے پر دو روبوٹ گاڑیاں اتار کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور اب روبوٹ گاڑیاں سیارے کی سطح کی تصاویر زمین تک بھیج رہی ہیں۔یہ دونوں گاڑیاں ہایابوسا2 نامی خلائی جہاز سے سیارچے پربھیجی گئیں جو ایک کلومیٹر چوڑے سیارچے ریوگو کے گرد چکر کاٹ رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ گاڑیاں سیارچے کا درجہ حرارت ناپیں گی اور اس کی تصویریں لیں گے۔ ریوگو کی کششِ ثقل بہت کم ہے جس کی وجہ سے یہ گاڑیاں وہاں آسانی سے اچھل بھی سکتی ہیں۔جاپانی خلائی ادارے نے تصدیق کی کہ دونوں گاڑیاں اچھی حالت میں ہیں، سیارچے پر چل پھر کر رہی ہیں اور تصویریں لے رہی ہیں۔اس سے قبل یورپی خلائی ادارہ ایک دمدار ستارے پر خلائی گاڑی اتار چکا ہے، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سیارچے پر گاڑی اتاری گئی ہے۔سیارچے بنیادی طور پر نظامِ شمسی کی باقیات میں سے ہیں۔