ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک ) ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں بنگلا دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کی ٹیم کی شکست دے دی۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کی 21 ویں اوورز میں 87 رنز پربنگلہ دیش کی آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد چھٹی وکٹ پر محمود اللہ اور امرا القیس نے 128 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، امرا القیس 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمود اللہ نے 74 رنز کی باری کھیلی۔اوپنر لیتن داس 41 ، نظم الحسین 6، محمد متھن 1، مشفق الرحیم 33 اور شکیب الحسن صفر پر آؤٹ ہوئے، بنگال ٹائیگرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے آفتاب عالم نے 3 جبکہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے حشمت اللہ شہیدی نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اصغر افغان اور محمد نبی نے 39 اور 38 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہے۔آخری اوور میں افغانستان کو 8 رنز کی ضرورت تھی تاہم وہ صرف 4 رنز ہی بناسکے۔بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ اور مستفیض الرحمان نے 2،2 جبکہ شکیب الحسن اور محمود اللہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔افغانستان کا اگلا میچ بھارت جبکہ بنگلہ دیش کا اگلا میچ پاکستان سے ہوگا۔