کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نےاگلے 9 ماہ کا بجٹ سندھ اسمبلی سے 29 ستمبر تک منظورکرانے کی حکمت عملی تیار کر لی۔ اسمبلی اجلاس ایک ہفتے بعد آج پھر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے یکم اکتوبر 2018 سے 30 جون 2019 تک رواں مالی سال کے 9 ماہ کا بجٹ 17 ستمبر کو اسمبلی میں پیش کیا تھا۔ اس پر آج بحث شروع ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے یہ حکمت عملی تیار کی ہے کہ 28 ستمبر تک بجٹ مکمل کر کے 29 ستمبر کو منظور کرا لیا جائے۔ 29 ستمبر تک بجٹ منظور کرانا اس لئے بھی ضروریہے کہ وزیراعلیٰ نے اپنے سابق دور 2018 میں اسمبلی میں رواں مالی سال 19۔2018کا جو بجٹ پیش کیا تھا اس وقت رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ کے خراجات کی منظوری لی تھی جو 30 ستمبرتک ہے ۔ اس طرح یکم اکتوبر سے ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنس اور دیگر غیر ترقیاتی اخراجات کے ساتھ ترقیاتی اقدامات کی اسمبلی سے منظوری لینا ضروری ہے۔