لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین زمان پارک پہنچ گئے۔وزیرِ اعظم سے انصاف کی اپیل کر دی۔ مظاہرین کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل اور ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔ احتجاج کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک جام رہا۔ متاثرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔عمران خان کے پہنچنے پر مظاہرین نے ان کی رہائش گاہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے روک لیا جس پر وہ مشتعل ہو گئے اور خاردار تاروں کو ہٹا دیا ۔انتظامی افسران مذاکرات کیلئے پہنچے مگر مظاہرین نے عمران خان کے علاوہ کسی سے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مظاہرین کے 4 رکنی وفد کو اندر بلا لیا۔اس موقع پر مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے پلاٹ کیلئے رقم لے لی لیکن قبضہ نہیں دیا گیا۔متاثرین نے وزیر اعظم سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے رقم واپس دلائی جائے۔