بھارت نےپاکستانی بیٹنگ۔بولنگ کا پھر بھرکس نکال دیا

دبئی(امت نیوز)ناقص بیٹنگ کے بعد خراب فیلڈنگ اور بولنگ کے باعث پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستانی فیلڈرز نے بھارتی کپتان کے 2 آسان کیچ ڈراپ کئے جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے روہت شرما اور ان کے اوپنگ پارٹنر شیکھر دھون نے پاکستانی ناقص بولنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جم کر پٹائی کرتے ہوئے سنچریاں داغیں اور 238 رنز کا ہدف با آسانی 40 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔روہت شرما نے ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شیکھر دھون 114 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے ۔پاکستانی بولرز کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ اننگز کی واحد وکٹ رن آؤٹ کی صورت میں گری۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولرز کیخلاف بڑے شاٹ لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے اور کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔3 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کےبعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور107 رنز کی شراکت قائم کی، 165 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمرا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آصف علی کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز اسکور کرنے سے باز رکھا۔پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔ اختتامی اوورز میں بھارتی بولرز کے غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آخری 7 اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا پایا۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا، یزویندرا چاہل اور کلدیپ یاودیو نے 2،2 کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا۔

Comments (0)
Add Comment