دبئی(امت نیوز) آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل نے تصدیق کی کہ بکیوں نے 5 انٹرنیشنل ٹیموں کے کپتانوں سے اسپاٹ فکسنگ کے سلسلے میں رابطہ کیا، جن میں 4کا تعلق آئی سی سی کی رکن ٹیموں سے ہے۔ پیر کو دبئی میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہناتھا کہ گزشتہ 12ماہ کے دوران 32 معاملات کی تفتیش کی گئی، جن میں 8 کھلاڑیوں کو شک کے دائرے میں لایا گیا۔ اسکے علاوہ 5 منتظمین یا کرکٹ نہ کھیلنے والے افراد بھی شامل تھے، جن میں سے 3پر فرد جرم عائد کی گئی جبکہ 5کپتانوں نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ ان سے اسپاٹ فکسنگ کیلئے رابطہ کیا گیا ہے۔ مارشل نے مزید کہا کہ ان 5 میں سے پاکستانی کپتان سرفراز احمد واحد کھلاڑی ہیں، جنہوں نے عوامی سطح پر اس حوالے سے بات کی، جنہیں گزشتہ سال سری لنکا کیخلاف سیریز کے دوران پیشکش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف تمام بورڈز کیساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ میچ فکسنگ کے گڑھ نئی ٹی 20لیگز پر اثرانداز ہونے اور کھلاڑیوں کو پھنسانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔