پولیس کرپشن کیس میں ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم کردی ، کیس کی مزید سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے ۔ استغاثہ کے مطابق ریفرنس کنٹرولر جنرل اکاؤنٹ سی بی اے کی شکایت پر درج کیا گیا اور تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ ملزمان نے ملی بھگت سے مختلف مدتوں میں مختلف طریقے سے کرپشن کی، ملزمان نے شاہ فیصل کالونی میں واقع محمد قیصر حیات کے آٹوز سے ملی بھگت کر کے پولیس موبائل کی مینٹی نینس ، گاڑیوں کے پارٹس کے نام پر کرپشن کی اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ، اس کے علاوہ ملزمان نے پولیس فیڈنگ فنڈ کے نام پر پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں سے فی اہلکار 100روپے کی کٹوتی کی اور اس رقم میں بھی خورد برد کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ ملزمان نے بنا ٹینڈر من پسند افراد کو پولیس کی گاڑیوں و مینٹی نینس کے ٹھیکے دیئے، ملزمان نے کرپشن کرکے قومی خزانے کو 15 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، ریفرنس میں سابق اے آئی جی تنویر احمد طاہر، فدا حسین شاہ، کامران راشد، سابق اے آئی جی فیصل بشیر میمن، سرمدحسین اور علی اصغر سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment