اسلام آباد (امت نیوز) بھارتی آرمی چیف کے دھمکی آمیز بیان کیخلاف آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں میں شدید رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔مظفرآباد میں نکالی گئی بھارت مخالف ریلی کے شرکا نے علمدار چوک سے شاہراہ سری نگر تک مارچ کیا اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان خطے کے امن کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے، کشمیری عوام پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی تصاویر اور ترنگے بھی نذر آتش کئے گئے۔ آزاد کشمیر کے دیگر شہروں ہٹیاں، باغ، راولا کوٹ اور حویلی میں بھی بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔