بھارت سے نمٹنے کے لئے ریٹائرڈ فوجی بھی تیار

راولپنڈی ( صباح نیوز) بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں اور الزام تراشیوں کے جواب میں پاکستان کے سابق فوجیوں بھی جنگ کیلئے تیار رہنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ سی پیک کی حفاطت کیلئے ہم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ لفٹیننٹ جنرل(ر) امجد شعیب کی سربراہی میں ریٹائرڈ فوجیوں کی نمائند ہ تنظیم پاکستا ن ایکس سروس مین سوسائٹی کا ساٹھواں اجلاس روالپنڈی کے نجی ہوٹل میں منعقد کیا گیا ۔ جس میں سابق ائیر مارشل فرحت حسین،جنرل (ر) جاوید اسلم ،سابق ایڈمرل تسنیم ، جنرل( ر) فیض چشتی ، کرنل ( ر) نسیم راجہ، محمد عبداللہ حمید گل ، میجر(ر) گل زمان کشمیرو دیگر فوجیوں نے شرکت کی ۔سیکریٹری جنرل کرنل (ر) نسیم راجہ نے اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا ۔اجلاس میں ہندوستان کی طرف سے حالیہ دھمکیوں کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کی گئی کہ ہندوستان اپنی حرکتوں سے باز رہے اور قرار داد میں کہا گیا کہ 25 لاکھ ریٹائرڈ فوجی ہندوستان کیخلاف ہر محاذ پر لڑنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں ۔دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو آزما کر دیکھ لے۔ اس موقع پر سابق فوجیوں کی طرف سے جنرل حمید گل کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ہر مقرر نے انکا ذکر انتہائی اچھے الفاظ میں کیا اور انکی پیشہ ورانہ اور دیگر خدمات کو سراہاجو انہوں نے ملک و قوم اور خاص طور پرامن کے حوالے سے کیں۔مہمان خاص کے طور پر اس تقریب میں شریک محمد عبداللہ حمید گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتا ہے ۔چین ہمارا دیرینہ دوست ہے ۔اس کیساتھ ہمیں اچھے تعلقات استوار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد چین کے سفیر کیساتھ ایک ملاقات تشکیل دی جائیگی اور اسی طرح سے عرب ممالک کے سفیروں کیساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا ۔انہوں نے ریٹائرڈ فوجیوں کی مشکلات کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کو توجہ دینی چاہیے ۔

Comments (0)
Add Comment