کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کرنے والی جج پر عدم اعتماد سے متعلق مدعی کی درخواست پرسابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے وکیل کو جواب کیلئے8 اکتوبر تک مہلت دیدی ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبروسماعت کے موقع پر راؤ انوارکی جانب سے عابد زبیری کمپنی کے ایک جونیئروکیل نے وکالت نامہ جمع کرایا۔ اس سے پہلے راؤ انوار کی پیروی منیر خان ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔سماعت کے آغاز پر وکیل کی جانب سے تاریخ مانگے جانے پر چیف جسٹس احمد علی شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکالت نامہ کہاں ہے۔وکالت نامہ جمع کرائے بغیر ہی 4,4 وکلا تاریخ مانگنے آجاتے ہیں۔ تاریخ نہیں ملے گی، جائیں اور ابھی وکالت نامہ داخل کریں جس پر عابد زبیری کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرادیا گیا۔