کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں بچی کے مبینہ اغواءکی کوشش شہریوں نے ناکام بنادی، تشدد کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا جبکہ لیاری مرغی خانہ کے قریب سے ڈیڑھ سال کے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرنے والے 13 سالہ لڑکے کو اہل محلہ نے پکڑنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک شخص مبینہ طور پر 10سالہ بچی حفصہ دختر عبدالجلیل کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ علاقہ مکینوں نے دیکھ لیا، اور ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو عوام کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کردیا، پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم ابراہیم بچی حفصہ کو چیز دلانے کے بہانے لے جارہا تھا، تاہم پولیس ملزم سے مزید تفتیش کررہی ہے۔ علاوہ ازیں بغدادی کے علاقے لیاری مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب گھر 13سالہ لڑکا زوہیب ڈیڑھ سال کے بچے محمد معراج کو اغواءکرنے کی کوشش کررہا تھا کہ اسی دوران اہل محلہ نے موقع پر پہنچ کر مبینہ اغواءکار لڑکے کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔امت سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او شعور بنگش نے بتایا کہ اہل محلہ نے 13سالہ لڑکے زوہیب کو پکڑنے کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا ، اور الزام تھا کہ زوہیب ڈیڑھ سال کے بچے محمد معراج کو اغواءکرنے کی کوشش کررہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم زوہیب کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور اس نے گھر کے پاس موجود بچے معراج کو تھپڑ مارا تھا ، جس پر اہل محلہ یہ سمجھے کہ زوہیب ڈیڑھ سال کے بچے معراج کو اغواءکرنے کی کوشش کررہا ہے۔جس پر اہل محلہ نے ذہنی معذور بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مدعی نے ذہنی معذور بچے زوہیب کو معاف کردیا ہے جس کے بعد پولیس نے مبینہ اغواءکار زوہیب کو رہا کردیا۔